فیفا ورلڈ کپ سے امریکہ اور آسٹریلیا باہر، ارجنٹینا اورنیدرلینڈز کوارٹر فائنل میں
فیفا ورلڈ کپ سے امریکہ اور آسٹریلیا شکست کھانے کے بعد باہر ہو گئے جبکہ ارجنٹینا اورنیدرلینڈزنے کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: قطر کے احمد بن علی اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈکپ 2022 کے راؤنڈ آف 16 کے اہم میچ میں ارجنٹینا نے آسٹریلیا کو 1-2 سے شکست دی۔ میچ کے پہلے ہاف میں ارجنٹینا نے ایک گول کرکے اپنی پوزیشن مضبوط کی ۔ ارجنٹینا کی جانب سے میچ کے 35 ویں منٹ میں کپتان لوینل میسی نے گول کیا، جبکہ میچ کے دوسرے ہاف میں جولین الواریز نے 57 ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی کی طرف لے گئے۔
میچ کے دوسرے ہاف میں آسٹریلوی ٹیم نے بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کی، 77ویں منٹ میں اینزو فرنینڈز نے گول کیا، لیکن میچ ختم ہونے تک انہیں کوئی اور کامیابی نہ مل سکی۔
آسٹریلیا سے میچ جیتنے کے بعد کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا۔
فیفا ورلڈکپ 2022 کے راؤنڈ آف 16 کے ایک اور میچ میں نیدرلینڈز نے امریکہ کو شکست دی۔
قطر کے خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں نیدرلینڈز کی جیت کا اسکور 1- 3 رہا۔
نیدرلینڈز کے میمفس ڈیفے نے 10ویں منٹ میں ہی گول کرکے اپنی ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھ دی۔
پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں نیدرلینڈز کی برتری 0-2 کے ساتھ اس وقت مزید مضبوط ہوئی جب ڈیلے بلائینڈ نے گیند کو جال میں پہنچایا۔
دوسرے ہاف میں امریکی ٹیم نے نسبتاً بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کی جہاں حاجی رائٹ کے شاندار ٹچ نے امریکی ٹیم کا خسارہ 1-2 کردیا ۔ اس کے بعد نیدرلینڈز نے جوابی حملہ کرتے ہوئے 81 ویں منٹ میں ایک اور گول کرکے اسکور کو 1- 3 کردیا۔ اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا جس کے ساتھ ہی نیدرلینڈز نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔