قطر فیفا ورلڈ کپ؛ برازیل بھی باہر اور ہالینڈ بھی گھر روانہ
فیفا ورلڈکپ دو ہزار بائیس میں ارجنٹینا نے پنالٹی ککس میں نیدر لینڈ کو چار تین سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ۔
سحرنیوز/دنیا: جمعے کو فٹ بال ورلڈکپ دو ہزار بائیس میں ارجنٹینا اور نیدرلینڈز کا میچ کافی سنسنی خیز رہا۔ اس میچ میں نیدرلینڈ نے ارجنٹینا پر دباؤ بنائے رکھا اور گیند پر ساٹھ فیصد قبضہ نیدرلینڈز کے کھلاڑیوں کا رہا لیکن ارجنٹینا کو جیسے ہی موقع ملا اس نے گول کردیا۔ ارجنٹینا نے پہلا گول پینتیسویں منٹ پر اور دوسرا تہترویں منٹ پر کیا۔
نیدرلینڈز نے پہلا گول تراسیویں منٹ پر اور دوسرا گول کھیل کے آخری لمحات میں کیا۔ میچ کے مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں کا اسکور دو دو سے برابر رہا۔ پھر کھیل کو فیصلہ کن بنانے کے لئے تیس منٹ کا اضافی وقت دیا گیا لیکن اضافی وقت میں دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی۔ جس کے بعد پنالٹی ککس کا سہارا لیا گیا۔
اس مرحلے میں ارجنٹینا نے چار اور نیدرلینڈز نے تین گول کیے اور اس طرح ارجنٹینا کی ٹیم نے دوسرے کوارٹر فائنل میں فتح حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی جہاں اُس کا مقابلہ منگل کو کروشیا سے ہوگا۔ کروئیشیا نے فیفا ورلڈکپ دو ہزار بائیس کے پہلے کوارٹر فائنل میں برازایل کو چار دو سے شکست دے کر ورلڈکپ سے باہر کردیا۔کھیل کے مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی اور تیس منٹ کے اضافی وقت میں دونوں نے ایک ایک گول کئے جس کے بعد فیصلہ پنالٹی ککس کے ذریعے ہوا ۔
اس مرحلے میں کروشیا کے گول کیپر نے برازیل کے دو گول روک لئے اور کروشیا نے چار گول کئے اس طرح میچ کروشیا نے چار دو سے جیت لیا۔