Dec ۱۷, ۲۰۲۲ ۲۳:۱۶ Asia/Tehran
  • فیفا ورلڈ کپ کی تیسری پوزیشن کروشیا کے نام (ویڈیو)

قطر میں جاری ورلڈ کپ میں فائنل سے قبل تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے پلے آف میچ میں کروشیا نے مراکش کو دو ایک سے شکست دے دی۔

سحر نیوز/اسپورٹس: مراکش کی ٹیم جو ورلڈ کپ کے دورران اپنی حیران کن کارکردگی کی بنیاد پر عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی رہی، گزشتہ روز تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں اپنے حریف کروشیا کو شکست دینے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈسیم میں کھیلا گیا میچ خاصا سنسنی خیز رہا۔ دونوں ٹیموں نے میچ کے ابتدائی دس منٹ کے اندر ایک، ایک گول اسکور کیا۔ کروشیا کی جانب سے ساتویں منٹ میں جوسکو گوارڈیول نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی لیکن مراکش نے دو منٹ بعد برتری ختم کردی اور اشرف ڈاری نے نویں منٹ میں ٹیم کے لیے پہلا گول کیا اور مقابلہ برابر ہوگیا۔

کروشیا نے پہلے ہاف میں کھیل کے پینتالیسویں منٹ میں دوسرا گول کرکے ایک مرتبہ پھر برتری حاصل جو میچ کے آکر تک برقرار رہی اور یوں فیفا ورلڈ کپ قطر میں کروشیا کی ٹیم نے تیسری پوزیشن کو اپنے نام کر لیا اور اس طرح اُسے کانسی کے تمغے سے نوازا گیا۔

اس سے قبل کروشیا نے دو ہزار اٹھارہ کے ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی کی تھی تاہم فرانس سے اُسے شکست ہوئی تھی۔ اس بار سیمی فائنل میں لیونل میسی کی ٹیم ارجنٹینا نے کروشیا کو فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا تھا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ فائنل تک رسائی کا اعزاز حاصل کیا۔

فائنل میچ آج بروز اتوار فرانس اور ارجینٹینا کے درمیان لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

 

ٹیگس