مطالبات پورے نہ ہوئے تو ہڑتال کی شدت میں اضافہ ہوگا: برطانوی نرسوں کا اعلان
برطانوی نرسوں کی یونین نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو اگلے مرحلے میں ہڑتال کی شدت میں اضافہ کر دیا جائے گا۔
سحرنیوز/دنیا: برطانیہ کی نرسوں کی سب سے بڑی یونین رائل کالج آف نرسنگ، آر سی این نے اگلے اقدام کے لئے حکومت کو الٹی میٹم دے دیا ہے۔
آر سی این کی جانب سے جاری شدہ اعلانیے میں کہا گیا ہے کہ اگر حکومت نے منگل کے روز تک، تنخواہوں میں اضافے کے لئے مذاکرات کا نیا دور شروع نہ کیا تو اسے، آئندہ مہینے انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں اور بھی بڑے ہڑتال کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مذکورہ علاقوں کی نرسوں کی یونین پہلی بار پڑتال کرنے پر اس وقت مجبور ہوئی، جب حکومت نے تنخواہوں میں اضافے کے لئے مذاکرات کرنے سے انکار کیا۔
ہڑتال کے پہلے مرحلے کے لئے پندرہ اور بیس دسمبر کی تاریخیں طے کی گئی تھیں۔
آر سی این نے خبردار کیا ہے کہ بیس دسمبر کو ہونے والی ہڑتال کی شدت پہلے دن کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوگی اور جن شعبوں میں نرسوں کی سرگرمیاں جاری ہیں، انہیں اور بھی محدود کردیا جائے گا۔