کروڑ پتی برطانوی وزیراعظم کا بے گھر شخص سے عجیب و غریب سوال
برطانوی وزیراعظم کو فلاحی ادارے کے معائنے کے دوران ایک بے گھر شخص سے عجیب و غریب سوال کرنے پر شدید نکتہ چینی کا سامنا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: روئٹرز کے مطابق کرڑو پتی برطانوی وزیراعظم رشی سنک نے لندن میں ایک شیلٹر ہوم میں ناشتہ کرتے ہوئے ایک بے گھر شخص سے گفتگو کی ۔ اس گفتگو کے دوران سنک نے اس بے گھر شخص کو ساسیج، ٹوسٹ اور انڈے والی ڈش دیتے ہوئے پوچھا کہ کیا تم ملازم ہو، اس شخص نے جواب دیا کہ نہیں جناب میں تو ہوم لیس آدمی ہوں میرے پاس رہنے کو بھی جگہ نہیں۔
رشی سنک کا بے گھر شخص سے عجیب سوال اس وقت سامنے آیا جب اس شخص نے برطانوی وزیراعظم سے پوچھا کہ کیا وہ معیشت ٹھیک کر رہے ہیں؟
اس عجیب و غریب سوال کے بعد برطانوی اپوزیشن لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر نے ٹوئٹر پر ویڈیو شائع کرتے ہوئے اس بات چیت کو پریشان کن قرار دیا۔
لیبر پارٹی کے ایک اور رکن پارلیمان بل اسٹریسن نے رشی سنک کو عوام کی حالت سے بے خبر شخص قرار دیا۔
خیال رہے کہ رشی سنک، جو اکتوبر میں برطانوی وزیراعظم بنے ہیں، ملک کی تاریخ کے امیر ترین وزیراعظم ہیں جبکہ برطانوی عوام ان دنوں مہنگائی کے بحران سے نبرد آزما ہیں ۔