Dec ۳۰, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۴ Asia/Tehran
  • دنیائے فٹ بال کا ستارہ ڈوب گیا، 3 روزہ سوگ کا اعلان

دنیائے فٹ بال کے مشہور و مایۂ ناز کھلاڑی اور برازیل کے عظیم فٹبالر ایڈسن آرانٹے ڈونیسسیمنٹو عرف پیلے طویل علالت کے بعد 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کی موت پر برازیل میں 3 روز کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیلے حالیہ چند برس سے کینسر، گردوں اور دل کے امراض کے باعث زیر علاج تھے۔ پیلے کی سربراہی میں برازیل نے تین ورلڈ کپ جیتے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 1363 میچز میں 1281 گول اسکور کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

ستمبر 2021 میں بڑی آنت سے ٹیومر نکالنے کے لیے پیلے کی سرجری بھی ہوئی تھی اس دوران طبی ٹیسٹوں میں ٹیومر کا معلوم ہوا۔ نومبر 2022 کے آخر میں انہیں دوبارہ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پیلے کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے، جہاں ان سے متعلق ڈاکٹرز بھی ناامید ہوگئے تھے۔ 

خیال رہے کہ 82 سالہ پیلے نے 90 میچز میں برازیل کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 77 گول کئے۔

لیجنڈری فٹبالر 1958، 1962 اور 1970 میں فیفا ورلڈکپ کی فاتح برازیلین ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔

پیلے کے انتقال پر فٹبال کے کھلاڑیوں اور دیگر شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 

ٹیگس