Dec ۳۱, ۲۰۲۲ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • رونالڈو ڈھائی برس کے لئے سعودی فٹبال کلب میں شامل

پرتگال کے سینتیس سالہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے فٹبال کلب النصر سے معاہدہ کرلیا ہے۔

سحر نیوز/دنیا: بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ ماہ مانچسٹر یونائیٹڈ کو خیرباد کہنے کے بعد سعودی کلب سے ڈھائی سال کا معاہدہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق النصر فٹبال کلب رونالڈو کو ہر سال ساڑھے سات کروڑ ڈالر ادا کرے گا۔

النصر فٹبال کلب نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو کو اپنے کلب میں پرجوش انداز میں خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں کلب کی جرسی دینے کی تصاویر شیئر کیں۔ النصر فٹبال کلب نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک ایسا معاہدہ ہے جو انہیں نہ صرف مزید کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب دے گا بلکہ نوجوان نسل کے لئے بھی بہترین کھلاڑی بننے کی راہ میں مشعل راہ ہوگا۔

سعودی فٹبال کلب نے اسٹار فٹبالر رونالڈو کے حوالے سے کہا کہ وہ ایک مختلف ملک میں ایک نئی فٹبال لیگ کا تجربہ کرنے کیلئے بے چین ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کرسٹیانو رونالڈو نے انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

ٹیگس