Jan ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۹:۲۷ Asia/Tehran
  • مہنگائی کے باعث برطانیہ کی ریٹیل مارکیٹ کو بحران کا سامنا

برطانیہ میں اشیائے صرف کی قیتموں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے لوگوں نے اس سال کرسمس اور نئے سال کی خریداری کم کی ہے جس کی وجہ سے ریٹیل مارکیٹ کو بحران کا سامنا ہے۔

 :سحر نیوز/ دنیا برطانوی محکمہ شماریات نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ ماہ ملک کی ریٹیل مارکیٹ میں سرگرمیوں میں ایک فی صد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

اس مرکز کے مطابق ماہرین اقتصادیات نے دسمبر میں انگلینڈ میں ریٹیل مارکیٹ میں اعشاریہ پانچ فیصد اضافے کی پیش گوئی کی تھی لیکن اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ، آن لائن فروخت میں کمی اور پوسٹل ورکرز کی ہڑتال کی وجہ سے اس میں اضافے کے بجائے کمی واقع ہوئی ہے۔

برطانیہ کے قومی مرکز برائے شماریات کے مطابق، ملک میں خوردہ فروخت دسمبر کے آخر تک سہ ماہی میں پانچ اعشاریہ سات فیصد تک کم ہوگئی ہے جبکہ کورونا سے پہلے والے دسمبر کے مقابلے میں اس سال دسمبر سے پہلے ریٹیل مارکٹ میں ایک اعشاریہ سات فیصد کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دسمبر سے پہلے گروسری اسٹوروں کی فروخت میں ایک فیصد کا اضافہ ہوا تھا لیکن دسمبر میں اس میں اعشاریہ تین فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

برٹش ریٹیل کنسورشیم نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ دسمبر میں برطانیہ میں خوراک کی قیمتوں میں افراط زر کا تناسب بڑھ کر تیرہ اعشاریہ تین فیصد ہوگیا ہے۔ برطانیہ میں مہنگائی اس موسم گرما کے بعد سے چار دہائیوں سے زیادہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب برٹش ریل ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے ملازمین کے ایک حصے اور ڈرائیونگ ٹیسٹ ایگزامینرز نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ دو روز میں مہنگائی میں اضافے اور حکومت کی عدم توجہی کے خلاف احتجاجاً ایک بار پھر ہڑتال اور  کام کی شرائط اور اجرتوں کو بہتر بنانے کا مطالبہ کریں گے۔

دریں اثنا، جمعہ کے روز، انگلینڈ کے شمال میں واقع اسکاٹ لینڈ میں اساتذہ نے کام کے نامناسب حالات، بہتر زندگی کے اخراجات میں اضافے اور اجرتوں کی کمی کے خلاف پیر کو بھی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

اسی دوران برطانیہ بھر کے ایمبولینس کے کارکنوں نے بھی دوبارہ کام چھوڑ ہڑتال کرنے کی دھمکی دی ہے۔

پچھلے مہینے اور رواں ماہ کے دوران برطانیہ  میں ہسپتال کے کارکنوں، ایمبولینس کے عملے، ریلوے ملازمین، ٹیکسی ڈرائیوروں اور بس ڈرائیوروں نے  مہنگائی،  ملازمتوں کے تحفظ کے فقدان اور اجرتوں کی کمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کام بند کر دیا تھا۔

لندن  کے متعدد بس ڈرائیوروں نے بھی اعلان کیا کہ وہ اگلے بدھ کو ہڑتال کریں گے۔

برطانیہ  میں مزدوروں کی ہڑتالیں، جو گرمیوں میں شروع ہوئی تھیں اب وسیع تر شکل اختیار کرتی جارہی ہیں۔

ٹیگس