روس پرامریکہ کی نئی پابندیاں اور فیٹف کا روس کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے روسی فیڈریشن کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
سحر نیوز/ دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے روس - یوکرین جنگ کو ایک برس مکمل ہونے پر روس پر نئی پابندیاں عائد کردیں جبکہ یوکرین کے لیے مزید فوجی امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔
یوکرین اور روس کی جنگ کو ایک برس مکمل ہونے پر امریکہ کی جانب سے تازہ ترین پابندیوں میں روس اور دنیا بھر میں اس کے 100 سے زائد اداروں و شخصیات کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں دفاعی ساز و سامان فراہم کرنے والے ادارے اور بینک بھی شامل ۔
رپورٹ کے مطابق روس پرعائد نئی پابندیوں کا مقصد ماسکو کی دفاعی صلاحیت کو کمزورکرنا ہے، امریکی صدر بائیڈن کے کیف کے اچانک دورے کے چار دن بعد یہ پابندیاں لگائی گئی ہیں، جہاں انہوں نے اپنے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی تھی۔
علاوہ ازیں امریکی حکومت یوکرین کو نئے ڈرون سسٹم، ہائی موبلٹی راکٹ سسٹم، توپ خانے کے نظام کے لیے گولہ بارود اور کمیونیکیشن گیئر بھی فراہم کرے گی۔
دوسری جانب فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے جاری اعلامیہ کے مطابق پیرس میں ہونے والے عالمی ادارے کے اجلاس نے روس کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ 24 فروری 2022 کو روس کی جانب سے یوکرین کے خلاف آپریشن کا اعلان کیا گیا تھا، برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ سال سے اب تک روس یوکرین جنگ میں 42 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 56 ہزار سے زائد شہری زخمی ہوئے ، اس کے علاوہ 15 ہزار افراد تاحال لاپتہ ہیں۔