امریکی صدر جوبائیڈن جلد کے کینسر میں مبتلا
امریکی صدر جوبائیڈن جلد کے کینسر میں مبتلا ہیں ۔
سحر نیوز/دنیا: امریکہ کے 80 سالہ صدر جوبائیڈن کے طبی معائنے کے دوران ان کے سینے پر کینسر کا سبب بننے والے زخم کی تشخیص ہوئی تھی جسے گزشتہ ماہ کامیابی سے ہٹایا گیا۔
امریکی صدر کے خصوصی ڈاکٹر کیون او کونر نے اپنی میڈیکل رپورٹ میں لکھا ہے کہ جو بائیڈن کے جلد کا آپریشن تقریبا ساڑھے تین گھنٹے جاری رہا۔ جنوری 2021 میں امریکہ کا صدر منتخب ہونے کے بعد جو بائیڈن کا یہ دوسرا طبی معائنہ تھا۔
80 سالہ جوبائیڈن امریکہ کے سب سے بوڑھے صدر ہیں، دوروں کے دوران جہاز کی سیڑھیوں پر لڑکھڑا کر اپنا توازن کھو دینے اور کبھی گر جانے کی اب تک متعدد ویڈیوز منظر عام پر آ چکی ہیں۔ میٹنگوں کے دوران انہیں اونگھ بھی خوب آتی ہے۔ لیکن اس کے باوجود غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن 2024ء میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں حصہ لیں گے جس کا اعلان وہ جلد کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اس وقت ڈیموکریٹس کے درمیان موضوع بحث بنے ہوئے ہیں کہ وہ انتخابات میں حصہ لیں گے یا نہیں۔