Mar ۰۸, ۲۰۲۳ ۰۹:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران اور آئی اے ای اے کے مابین جاری پیشرفت پر چین کا رد عمل

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ بیجنگ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے تعاون کو مستحکم کرنے کی کوششوں کو سراہتا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: چینی وزارت خارجہ کی ترجمان مائو نینگ  نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جس پر اتفاق کیا گیا ہے اس پر موثر عمل درآمد دیکھنے کو ملے گا اور جوہری معاملے پر مذاکرات کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا ہوگا۔

انہوں نے جوہری معاہدے کے نفاذ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چین کا ماننا ہے کہ جوہری معاہدے پر مکمل طور پر موثر عمل درآمد دوبارہ شروع کرنا ہی ایرانی جوہری مسئلے کو حل کرنے کا صحیح طریقہ ہے۔

انہوں نے اس معاہدے کو بحال کرنے کی راہ میں موجود مسائل کی طرف اشارہ کیا اور معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو روکنے کے لیے بالواسطہ طور پر امریکہ کو مورد الزام ٹھہرایا۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات بنیادی طور پر رک گئے کیونکہ بعض ممالک نے مذاکرات کو اس طریقے سے آگے بڑھانے کی کوشش کی جو اس کے اپنے جیو پولیٹیکل ایجنڈے کو پورا کرے۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ متعلقہ فریقوں کو صبرو تحمل کا مظاہرہ کرنے، آئی اے ای اے کے ایران کے ساتھ مذاکرات اور تعاون کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو صورت حال کو مزید بگاڑ سکے۔

انہوں نے کہا کہ چین مذاکرات کو فروغ دیتا رہے گا اور ایران جوہری مسئلے کے سیاسی حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ٹیگس