Mar ۲۸, ۲۰۲۳ ۲۱:۲۴ Asia/Tehran
  • میکسیکو میں بھیانک آتش زدگی، 39 افراد زندہ جل گئے

میکسیکو کے ایک شمالی شہر میں تارکین وطن کے مرکز میں آگ لگنے کی وجہ سے کم سے کم 39 افراد جل کر ہلاک ہوگئے ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق میکسیکو کے شمالی سرحدی شہر سیوداد خواریز((Ciudad Juarez میں پیر کی رات تارکین وطن کے ایک مرکز میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 39 افراد ہلاک ہوگئے۔ میکسیکو کے قومی مہاجرین مرکز کے ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کم سے کم 29 افراد اس دردناک حادثے میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کے فوراً بعد ایمبولینسیں اور آگ بجھانے والی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

رپورٹوں کے مطابق میکسیکو کے اٹارنی جنرل کے دفتر کی طرف سے آتش زدگی کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور تفتیشی اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں۔

میکسیکو کے صدر اینڈریس مینوئل لوپیز اوبراڈور نے الزام لگایا ہے کہ پناہ گزیں کیمپ میں موجود تارکین وطن کے احتجاج کی وجہ سے کیمپ میں آگ لگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تارکین وطن نے احتجاج کے طور پر پناہ گاہ کے دروازے پر چٹائیاں وغیرہ ڈال کر ان میں آگ لگا دی تھی۔

سیوداد خواریز شہر امریکی سرحد کے قریب واقع ہے اور امریکہ میں داخل ہونے والوں کے لئے ایک اہم مقام شمار ہوتا ہے۔ اس شہر میں کئی پناہ گاہیں واقع ہیں جہاں بڑی تعداد میں پناہ گزیں موجود ہیں۔

 

ٹیگس