Mar ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۵ Asia/Tehran
  • فرانس، حکومت کی مخالفت کرنے والے مظاہرین کی بڑی تعداد گرفتار

آزادی اظہار کے نام نہاد علمبردار ملک، فرانس میں ریٹائرمنٹ بل کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں کی بڑی تعداد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: رپورٹ کے مطابق، فرانس کی مختلف یونینوں نے دسویں بار میکرون کی جانب سے ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کے خلاف مظاہروں کی کال دی جس پر لیون کے دسیوں ہزار مزدوروں، ٹیچروں اور سرکاری اور نجی مراکز کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور فرانس کی حکومت کی اس پالیسی کے خلاف نعرے لگائے۔

ادھر پیرس شہر کی پولیس نے آنسو گیس کے گولے برسا کر مظاہرین کو مشتعل کردیا اور سیکڑوں مظاہرین کو پرتشدد انداز میں گرفتار اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

عالمی شہرت یافتہ آئفل ٹاور کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ پولیس پورے شہر میں گشت کر کے ہر قسم کے اجتماع کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا دعوی ہے کہ مظاہرین ماحول کو کشیدہ بنا رہے ہیں لہذا ہر قسم کے اجتماع یا مظاہرے کو کچل دیا جائے گا۔

ادھر لیون میں پولیس نے شہر کی مرکزی سڑکوں کو بیریئر لگا کر بند کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نامعلوم عناصر، دکانوں اور بینکوں کا شیشہ توڑ کر سیکورٹی کارکنوں کو مظاہروں کو روکنے کا بہانہ فراہم کر رہے ہیں۔ 

تازہ ترین رپورٹوں کے مطابق، میکرون کے اس بل کے خلاف مظاہرے جاری ہیں جس کے تحت ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھا کر باسٹھ سے چونسٹھ سال کی جائے گی۔ باخبر ذرائع کے مطابق، فرانس کے زیادہ تر شہروں میں حالات بری طرح کشیدہ ہوچکے ہیں۔ فرانس کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ تیرہ ہزار پولیس اہلکاروں کو پورے فرانس میں تعینات کرکے ہر طرح کے اجتماعات کو روکا جائے گا۔

ٹیگس