Apr ۰۵, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • ٹرمپ گرفتار ہونے والے پہلے امریکی صدر بن گئے (ویڈیو)

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دسیوں فوجداری الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے جس کے بعد وہ امریکا کی تاریخ میں گرفتار ہونے والے پہلے سابق یا موجودہ صدر بن گئے ہیں.

سحر نیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کے چھیتر سالہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ گاڑیوں کے ایک کاروان میں عدالتی کمپلیکس پہنچے جہاں پولیس نے انہیں باقاعدہ طور پر گرفتار کیا۔اطلاعات کے مطابق سابق امریکی صدر کو چونتیس فوجداری الزامات کا سامنا ہے جن میں دوہزار سولہ کے صدارتی انتخابات کو نقصان پہنچانا، اپنے کاروبار کے ریکارڈ سے متعلق تفصیلات کو چھپانا اور جھوٹے بیانات دینا اور اپنے جنسی جرائم کی خفیہ طور پر پیسے دے کر پردہ پوشی کرنے جیسے الزامات بھی شامل ہیں۔

مین ہٹن کی عدالت میں داخل ہوتے سابق امریکی صدر

مین ہٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون براگ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کیخلاف کیس میں اپنے جرائم کو چھپانے کیلئے چونتس جھوٹے بیانات شامل ہیں. انہوں نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے نیویارک میں اپنے بزنس ریکارڈ سے متعلق چونتس جھوٹے بیانات دیئے اور دوسروں سے بھی جھوٹ بلوایا۔ رپورٹ کے مطابق عدالت نے گرفتار ہو کر عدالت میں پیش ہونے  اور ایک گھنٹہ تک جاری کارروائی کے بعد سابق صدر کو آزاد کر دیا اور انکے خلاف اگلی سماعت کی تاریخ چاردسمبر مقرر کی.

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی گرفتاری سے قبل اُس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ مجھے یقین نہیں آ رہا ہے کہ یہ اتفاق امریکہ میں پیش آ رہا ہے۔

عدالت کے باہر میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی تاہم میڈیا کو عدالت میں کوریج کی اجازت نہیں دی گئی اور صرف پانچ فوٹوگرافرز کو عدالتی کارروائی شروع ہونے سے قبل تصاویر بنانے کی اجازت دی گئی.

مین ہٹن کی عدالت سے باہر نکل کر جاتے ٹرمپ

ٹیگس