امریکی وزارت قانون کی تحقیق شروع، پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات کیسے ہوئیں لیک
امریکی محکمہ قانون نے پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات کے لیک ہونے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکی محکمہ قانون کے نمائندے نے صحافیوں کو بتایا کہ وزارت قانون نے پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک ہونے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
وزارت قانون نے مزید کہا کہ ہم نے اس مسئلے کے بارے میں وزارت دفاع کے ساتھ بات چیت کی ہے اور اس شعبے میں اپنی تحقیقات شروع کر دی ہیں لیکن ہم اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے۔
واشنگٹن پوسٹ نے اطلاع دی ہے کہ یہ تحقیقات ان دستاویزات سے متعلق ہیں جو کچھ سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر شائع ہوئی تھیں۔ یہ دستاویزات شمالی ملٹری ڈسٹرکٹ، روسی ملٹری فورسز، یوکرین کی فوج اور کیف کو دی جانے والی مغربی فوجی امداد سے متعلق ہیں، کچھ دیگر شائع شدہ دستاویزات میں چین اور دیگر ممالک، ایشیا پیسیفک خطے اور مشرق وسطیٰ کے جائزے بھی شامل ہیں۔
پینٹاگون کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ موسم سرما میں جاری کئے گئے کچھ دستاویزات امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل مارک ملی اور دیگر اعلیٰ فوجی اہلکاروں کے لیے تیار کی گئی تھیں۔ یہ دستاویزات سیکڑوں یا شاید ہزاروں امریکی فوجی اہلکاروں کو بھی دستیاب کرائی گئی ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق ان خفیہ دستاویزات میں یوکرین کے فضائی دفاعی نظام کے استعمال، یوکرینی فوج کے مارٹروں کے اخراجات کے علاوہ باخموت علاقے کے حالات کے جائزوں کے بارے میں معلومات بھی موجود ہیں۔