Apr ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۶:۵۱ Asia/Tehran
  • فلسطین آزاد ہو کر رہے گا، برطانیہ میں عالمی یوم القدس ریلی

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں اتوار کے روز عالمی یوم القدس اور فلسطینی عوام کی حمایت میں شاندار ریلیاں نکالی گئیں۔

سحر نیوز/ دنیا: لندن میں ہونے والی ریلیوں کا انعقاد اپرتھائیڈ کے خلاف اتحاد سلوگن کے تحت ہوا جہاں برطانوی شہریوں کی بڑی تعداد نے فلسطینیوں کی حمایت میں ریلیوں میں شرکت کی اور فلسطینی عوام کی حمایت میں نعرے لگائے۔

برطانوی شہری فلسطینی سرزمینوں پر صیہونیوں کے غیرقانونی قبضے کے فوری خاتمے کا مطالبہ کر رہے تھے۔  القدس ریلی میں شامل صیہونیت مخالف یہودی مذہبی رہنما یعقوب وائس نے اس موقع پر کہا کہ فلسطینیوں کی حمایت کرنا یہودیت کے ہر حقیقی ماننے والے کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونیت ایک سیاسی ایجنڈا ہے جس کا یہودیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ خاخام یعقوب وائس نے کہا کہ عوام کے تصور کے برخلاف صیہونیت کے ماننے والے، یہودی نہیں ہوتے۔ عالمی یوم القدس کی ریلی میں شامل ایک اور برطانوی شہری نے بھی کہا کہ اس وقت تل ابیب میں اقتدار ایک انتہاپسند حکومت کے ہاتھوں میں ہے جو صرف فلسطینیوں کو ختم کرنے کا سوچ رہی ہے۔

لندن سمیت برطانیہ کے دیگر شہروں میں ہونے والی ریلیوں میں شامل عوام کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور دیگر مغربی حکومتوں نے صیہونی بربریت پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے جو کہ ان کے اخلاقی زوال کی علامت ہے۔ 

قابل ذکر ہے کہ برطانیہ کے علاوہ یورپ اور دنیا کے مختلف علاقوں میں آج بروز اتوار فلسطین کی حمایت میں شاندار ریلیاں نکالی گئیں۔

ٹیگس