برطانیہ میں نرسوں کی وسیع ہڑتال
برطانیہ کے نصف سے زائد ہسپتالوں اور طبی مراکز کی نرسوں نے اتوار سے تنخواہوں اور کام کے حالات کے خلاف احتجاجی ہڑتال شروع کر دی ہے۔
سحر نیوز/ دنیا:برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رائل کالج آف نرسنگ کی یونین کی اپیل پر یہ ہڑتال کی گئی اور اس سے پہلی بار برطانیہ کے ہسپتالوں میں آئی سی یو جیسے اہم شعبوں میں طبی خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔
برطانیہ میں نرسوں کی ایک اور یونین یونائٹ کے ارکان نے بھی پیر کے روز ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانیہ میں ہڑتالی نرسیں نہ صرف اپنے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہی ہیں تاکہ وہ موجودہ مہنگائی کے دور میں اپنے اخراجات پورے کر سکیں بلکہ وہ ہسپتالوں میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نرسنگ کے شعبے میں مزید افراد کو ملازمت دینے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
یہ ایسے وقت میں ہے کہ رائل کالج آف نرسنگ نے دو ہزار تئیس چوبیس میں سولہ سو پچپن پاؤنڈ کے ساتھ تنخواہوں میں پانچ فیصد اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ناکافی قرار دیا ہے۔
برطانیہ کی نرسوں نے اس سے قبل رواں سال اٹھارہ اور انیس جنوری اور چھے اور سات فروری کو بھی ہڑتال کی تھی۔