تل ابیب میں سیاسی ہل چل بھی جاری، نیتن یاہو کے خلاف صیہونیوں کے مظاہرے
نیتن یاہو اور ان کی بدعنوان اور انتہاپسند حکومت کے خلاف، صیہونی ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام:صیہونی وزیر اعظم اور ان کے گھر والوں کی بدعنوانیوں، عدالتی امور میں ان کی مداخلت، اور معاشی پالیسیوں سے پریشان صیہونی آبادکاروں نے، ایک بار پھر ریلیاں نکالیں اور نتن یاہو کو تمام مسائل کا ذمہ دار قرار دیا۔
قابل ذکر ہے کہ نیتن یاہو نے مظاہروں میں اضافے کے خوف سے عدالتی قوانین میں تبدیلی کو روکنے کا اعلان کر دیا تھا تاہم صیہونیوں کو، اب بھی ان کی باتوں پر یقین نہیں ہے۔ نتن یاہو کی جانب سے پیش کردہ بل کے تحت، نام نہاد صیہونی، عدالتی نظام کے اختیارات میں کمی لاکر حکومت اور قانون ساز ادارے کے اختیارات میں اضافہ کیا جانا تھا۔
نیتن یاہو کے خلاف سڑکوں پر جاری مظاہروں کے ساتھ ساتھ ،خود غاصب صیہونی حکومت کی کابینہ میں بھی اختلافات شدت اختیار کرتے جارہے ہیں اور نتن یاہو کی مخلوط کابینہ کے وزرا بھی، وزیراعظم کے فیصلوں اور اقدامات پر اپنی شدید ناراضگی ظاہر کرچکے ہیں۔ اس درمیان یہ بھی اطلاعات ہیں کہ نتن یاہو نے اپنے بعض وزیروں کے دورہ امریکا کی مخالفت کرتے ہوئے انہیں امریکا جانے سے بھی روک دیا ہے۔