May ۰۹, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۳ Asia/Tehran
  • فرانس: میکرون کی پالیسی کے خلاف فرانسیسی عوام سڑکوں پر

فرانس کے صدر کے لیون شہر کے دورے کے موقع پر حکومتی پالیسی کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔

سحر نیوز/ دنیا: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کی سالگرہ کی تقریب میں فرانس کے صدر میکرون نے شرکت کی۔ مظاہرین نے تقریب کی جگہ اجتماع نہ کرنے کی پولیس کے بیان کے خلاف احتجاج کیا اور راستوں کو بند کردیا۔ تقریب کے مقام پر مظاہرے کی اجازت نہ ملنے اورسخت ترین پابندیوں کے باوجود تقریب کی جگہ سے دور تقریبا 3 ہزار افراد نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں چمچے اور کچن کی دیگر اشیاء تھیں اور وہ میکرون کی پالیسیوں اور خود میکرون کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔

آزادی اظہار کا ڈھنڈورا پیٹنے والی فرانس کی حکومت  نے ریٹائرمنٹ کے قانون میں تبدیلی کے خلاف ہونے والے مظاہروں کو سختی سے کچلنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔

فرانسیسی عوام، ایمانوئل میکرون کی جانب سے ریٹائرمنٹ کی عمر باسٹھ سال سے بڑھا کر چونسٹھ سال کرنے پر چراغ پا ہیں اور اسے غیرمنصفانہ اقدام قرار دے رہے ہیں۔ 

امانوئل میکرون کی حکومت 2030 تک بتدریج ریٹائرمینٹ کی عمر کو 62 برس سے 64 برس تک لے جانے کے درپے ہے جس کی مخالفت میں گزشتہ کئی مہینوں سے ملک بھر میں بالخصوص دارالحکومت پیرس میں بڑے پُرتشدد مظاہرے ہو رہے ہیں۔ مظاہرین کے خلاف پولیس کا تشدد اب اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ اب خود اس کے خلاف مظاہروں کے ایک نئے سلسلے کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران فرانس میں سات ملک گیر ہڑتالیں اور سیکڑوں مظاہرے ریکارڈ پر آ چکے ہیں ۔ آئل ریفائنریز کے ملازمین کی ہڑتال کے باعث اس وقت شمالی فرانس کے علاقوں میں (کہ جن میں پیرس بھی شامل ہے) ایندھن کی قلت ہوگئی ہے جس کے باعث پیٹرول پمپز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں نظر آ رہی ہیں۔

ٹیگس