لندن ایئرپورٹ تکنیکی خرابی کا شکار، سو سے زائد پروازیں منسوخ، ہزاروں مسافر سرگرداں
یورپ کے سب سے مصروف ایئرپورٹ کے بطور پہچانے جانے والے لندن ایئرپورٹ پر تکنیکی خرابی کے باعث پروازوں کے نظام میں خلل کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
سحر نیوز/دنیا: آئی آر آئی بی نیوز نے غیر ملکی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے کمپیوٹر سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث پروازوں کے نظام میں خلل کا سلسلہ بدستور دوسرے روز بھی جاری رہا۔ رپورٹ کے مطابق اب تک کم از کم دوسو بیس پروازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جن میں سے بہت سی پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ اس مشکل کے باعث سولہ ہزار سے زائد مسافر خاصی دشواریوں سے روبرو ہو گئے۔
سی جی ٹی ان کےنامہ نگار نے ایئرپورٹ سے رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران صرف تین یا چار طیاروں کو ہی اُس نے پرواز کرتے دیکھا۔ نامہ نگار کا مزید کہنا تھا کہ دوہزار انیس میں عالمی وبا کورونا کے بعد یہ دن اس ایئرپورٹ کا بدترین دن تھا، ویکینڈ پر بہت سے لوگ سفر پر جانا چاہتے تھے مگر اُن کے لئے یہ امکان فراہم نہ ہو سکا اور ایک سو بیس پروازوں کو تکنیکی خرابی کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ برسوں کے دوران برطانیہ کی ایئرلائنز تکنیکی مشکلات کا شکار ہوتی رہی ہیں جس کے باعث دسیوں ہزار مسافروں کو مشکلات سے روبرو ہوتے رہنا پڑا ہے۔ گزشتہ برس بھی ایئرلائنز کے سسٹم میں پیش آنے والی ایک تکنیکی خرابی کے باعث بہت سی پروازوں کو کینسل کر دیا گیا تھا۔ یہ اتفاق دوہزار سترہ میں بھی پیش آیا جس کے باعث سترہ ہزار سے زائد مسافر ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد سرگرداں ہو گئے اور وہ اپنی منزل کی جانب پرواز نہ کر سکے۔