Jun ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • سوئس حکومت پر ہیکرز کے حملے بڑھے

سوئس پارلیمنٹ کی ویب سائٹ پر ہیکرز کے حملے کے ایک ہفتے بعد اس ملک کی وزارت خزانہ نے ملک کی وفاقی حکومت پر سائبر حملے کی اطلاع دی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: سوئزرلینڈ کی وزارت خزانہ نے ایک بیان میں بتایا کہ ملک کی وفاقی حکومت کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا اور متعدد سرکاری اہلکاروں اور کمپنیوں کی ویب سائٹس تک رسائی کو بلاک کر دیا گیا۔

اے ایف پی نے رپورٹ دی ہے کہ سوئزرلینڈ کی وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ یہ سائبر حملہ NoName  نامی گروپ کی طرف سے کیا گیا۔ اسی گروپ نے گزشتہ ہفتے بھی ملک کی پارلیمنٹ پر ایسا ہی حملہ کیا تھا۔

سوئس نیشنل سینٹر فار سائبر سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ سوئس کنفیڈریشن سے متعلق مختلف سرکاری اور کمپنیوں کی ویب سائٹس کو ہیک کر لیا گیا ہے۔

میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ سوئزرلینڈ کی پارلیمنٹ پر گزشتہ ہفتے اس وقت سائبر حملہ کیا گیا تھا جب اس نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی ویڈیو تقریر نشر کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

بہت سے مغربی ممالک کی طرح سوئٹزرلینڈ بھی ان ممالک میں سے ایک ہے جس نے یوکرین کی جنگ کے آغاز کے بعد سے روس کے خلاف دباؤ میں شدت پیدا کر کے اس جنگ کو طول دینے میں مدد کی ہے اور اس حوالے سے سوئزرلینڈ کے وزیر خارجہ نے پہلے کہا تھا کہ اس ملک میں روس کے منجمد اثاثوں کو ضبط کیا جا سکتا ہے تاکہ یوکرین کی تعمیر نو کے لیے مالی اعانت کی جا سکے۔

ٹیگس