Jul ۰۸, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران کے ساتھ آئی اے ای اے کا تعاون جاری ہے: گروسی

جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈائرکٹر جنرل نے جمعے کو ٹوکیو میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ایجنسی کا تعاون جاری ہے -

سحرنیوز/ دنیا : خراسان وائس آف تاجک ریڈیو کے مطابق جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائرکٹر جنرل رافائل گروسی نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ایجنسی کا تعاون جاری ہے اور ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ ایران کے ساتھ اس عالمی ادارے کے مذاکرات میں کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوئی ہے-انہوں نے جے سی پی او اے سے امریکہ کے یکطرفہ طور پر نکل جانے اور معاہدے کے یورپی فریقوں کی خلاف ورزیوں کا ذکر کئے بغیراس معاہدے پرعملدر آمد کی صورتحال کو دشوار بتایا اور کہا کہ اس وقت جے سی پی او اے پر دوبارہ عملدرآمد کی کوششیں رک گئی ہیں، اس لیے اس سلسلے میں زیادہ تبدیلی نہیں آئی ہے-

واضح رہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی اور ایران کی ایٹمی توانائی کی تنظیم نے گزشتہ سال رافیل گروسی کے تہران کے دو روزہ دورے کے بعد، سیف گارڈ کے مسائل کے حل کے حوالے سے معاہدے کیے تھے، جس کی بنیاد پر ایران رضاکارانہ طور پر ایجنسی کو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر فیکٹ فائنڈنگ اور اپنی نگرانی کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کرسکتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکل جانے اور یورپی ملکوں کی وعدہ خلافیوں اور معاہدے کے مطابق عمل نہ کئے جانے کے بعد جوابی اقدام کے طور پر بعض اقدامات انجام دیئے تاکہ معاہدے پر عمل درآمد کے تعلق سے  توازن برقرار ہوسکے۔ ایران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ مقابل فریقوں کی جانب سے معاہدے کی مکمل پابندی کی صورت میں اس کے جوابی اقدامات واپس لئے جاسکتے ہیں ۔ 

ٹیگس