Jul ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • ایٹمی تابکاری سے آلودہ پانی بحرالکاہل میں پھینکنےکے خلاف کوریائی عوام کا مظاہرہ

جنوبی کوریا کے عوام نے فوکو شیما ایٹمی بجلی گھرکا آلودہ پانی بحرالکاہل میں پھینکنے کے منصوبے کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے کئی گروہوں نے جاپان کے فوکو شیما ایٹمی بجلی گھر کا آلودہ پانی بحرالکاہل میں پھینکنے کے جاپانی حکومت کے منصوبے کے خلاف مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے اس موقع پر جاپانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس منصوبے پر عمل در آمد کرنے سے گریز کرے ۔ جاپانی حکومت کے منصوبے کے خلاف مئی کے مہینے سے اب تک یہ پانچواں احتجاجی مظاہرہ ہے۔

اس سے پہلے سینکڑوں جاپانیوں نے بھی ٹوکیو میں محکمہ بجلی کے سامنے فوکوشیما کے ایٹمی تابکاری سے آلودہ پانی کو سمندر میں گرانے کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔ اس موقع پر مظاہرین نے مختلف قسم کے پرچم اور بینر اٹھا رکھے تھے اور وہ حکومت کے اس منصوبے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرے میں شریک ایک شخص نے کہا کہ جاپان کی حکومت عوام کو دھوکہ دینا چاہتی ہے۔

ایٹمی تواناائی کی عالمی ایجنسی نے متاثر ایٹمی بجلی گھر فوکو شیما کے بارے میں دو سال کی تحقیقات کے بعد ایک متنازع اقدام میں جاپان کو اجازت دیدی کہ وہ ایٹمی تابکاری سے آلودہ کئی ملین ٹن آلودہ پانی بحرالکاہل میں بہا دے۔

ٹیگس