Jul ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • نائیجرمیں فوجی بغاوت پر یورپی اورافریقی یونین کا سخت رد عمل

نائیجرمیں فوجی بغاوت پر یورپی اورافریقی یونین نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افریقی یونین نے نائیجر فوج کو واپس بیرکوں میں جانے کےلیے 15 روز کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔

افریقی یونین کا کہنا ہے کہ نائیجر فوج فوری طور پر بلامشروط بیرکوں میں واپس جائے۔ افریقی یونین نے کہا کہ نائیجر فوج ملک میں فوری طور پر آئین بحال کرے ۔

دوسری جانب فوجی بغاوت پر یورپی یونین نے نائیجر کیلئے مالی اور سیکیورٹی تعاون معطل کردیا ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ نائیجر کو مالی امداد کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی سے متعلق تمام اقدامات کو بھی فوری طور پر غیر معینہ مدت کے لیے معطل کیا جارہا ہے۔

یورپی یونین، امریکا اور دیگر ممالک نے صدر محمد بازوم کی غیر مشروط رہائی اور ملک میں جمہوری نظام کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ فوج نے بدھ کو بغاوت کرتے ہوئے صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ الٹ کر جنرل عبدالرحمانے تیانی کو سربراہ مملکت بنانے کا اعلان کیا تھا۔

ٹیگس