Aug ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۶:۵۳ Asia/Tehran
  • دو ہزار سال پہلے غرق ہونے والا بحری جہاز جس میں موجود برتن آج بھی اصلی حالت میں ہیں

اٹلی کے ساحل کے قریب سمندر میں سے ایک دو ہزار سال پرانے قدیم رومی بحری جہاز کی باقیات دریافت کی گئی ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: یہ مال بردار جہاز روم سے 80 کلومیٹر دور سیویٹاویچیا نامی بندرگاہ کے قریب سے ملا ہے۔
اس بحری جہاز سے قدیم زمانے کے ایسے برتن بھی ملے ہیں جو بالکل اصلی حالت میں ہیں۔
اطالوی پولیس کے مطابق بحری جہاز 20 میٹر لمبا ہے جسے 160 میٹر گہرائی پر دریافت کیا گیا جہاں یہ سمندر کی ریت میں دبا ہوا تھا۔
اطالوی پولیس کے مطابق یہ غیر معمولی دریافت ایک ایسے رومی بحری جہاز کی مثال ہے جو ساحل تک پہنچنے کی کوشش میں سمندر کے خطرات کا سامنا کرتا تھا اور قدیم زمانے کے تجارتی راستوں کی گواہی دیتا ہے۔

اطالوی پولیس کے آرٹ سکواڈ، جسے اٹلی کی ثقافتی میراث کی حفاظت کی ذمہ داری دی گئی ہے، کا کہنا ہے کہ اس جہاز کو ایک ریموٹ کنٹرول روبوٹ کے ذریعے دریافت کیا گیا۔
تاہم اب تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا ماہرین کی مدد سے اس بحری جہاز کو سمندر سے باہر نکالنے کی کوشش کی جائے گی یا نہیں۔
ایسے نوادرات بحیرہ روم میں اکثر ملتے ہیں اور قدیم رومی بحری جہازوں کے ڈھانچے ملنا بھی کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ایسے ہزاروں جہاز بحریہ روم کی گہرائیوں میں موجود ہیں۔

ٹیگس