کیم جونگ اون کا پوتین کو خط، ایک دوسرے کی حمایت کا اعلان
شمالی کوریا کے صدر کیم جونگ اون نے روسی صدر پوتین کے نام اپنے خط میں مشترکہ اہداف اور عظیم کاموں کی انجام دہی کےلئے دونوں ممالک کے ہمیشہ کے باہمی اتحاد اور ایک دوسرے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/ دنیا: روئیٹرز نے شمالی کوریا کے میڈیا سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہےکہ شمالی کوریا کے رہنما روس کے ساتھ تعلقات کے فروغ کےلئے پرعزم ہیں تاکہ دونوں ممالک امپیریالزم کے تسلط اور من مانی کو شکست دے سکیں۔ کیم جونگ اون نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ عالمی جنگ کے دوران جاپان پر فتح سے دونوں ممالک کی دوستی استوار ہوئی جو اب امپیریالزم کی مکمل شکست اور ان کے تسلط اور من مانی کے خاتمے اور ان سے مقابلے تک جاری رہے گی۔ کیم جون اونگ نے اپنے خط میں روسی صدر ولادیمیر پوتین سے مخاطب ہوکر کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہماری دوستی اور ہم فکری ایک طویل المدت اسٹریٹیجک رابطہ ہے جو جدید تقاضوں کے مطابق بدل جائے گا اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی حمایت اور مضبوط تعاون سے مشترکہ اہداف کے حصول میں سربلند ظاہر ہوں گے۔ کے سی این اے کی رپورٹ کے مطابق کیم جان اونگ نے مزید کہا ہے کہ دونوں ممالک امپیریالزم کے خلاف بھرپور طاقت و قدرت کے ساتھ ڈتے ہوئے ہیں۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے بھی اپنے پیغام میں دوطرفہ تعلقات کے مستحکم ہونے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ روس کے وزیر دفاع سرگئی شویگو نے شمالی کوریا کے دورے کے دوران ایٹمی ہتھیاروں کو لے جانے والے میزائلوں کی نمائش کا دورہ کیا تھا جب کہ ماسکو میں ہونے والی بین الاقوامی سیکورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روس کے وزیر دفاع نے شمالی کوریا کے ساتھ دفاعی تعاون کے حوالے سے کہا تھا کہ یہ باہمی تعاون مشترکہ مفادات کی بنیاد پر ہے اور یہ کسی کے خلاف نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہ تو بین الاقوامی سطح پر شمالی کوریا کو گوشہ نشیں کرنے کی کوششیں اور نہ ہی اقتصادی پابندیاں، شمالی کوریا کا راستہ روک سکی ہیں۔