نائیجر سے فوج کے انخلاء پر فرانس کے نائیجر کے ساتھ مذاکرات
فرانس اپنے فوجی دستے نائیجر سے نکالنے کےلئے نائیجر کی فوج سے مذاکرات کر رہا ہے جہاں فرانس کے فوج کے انخلاء کےلئے عوامی مطالبات زور پکڑ گئے تھے۔
سحرنیوز/دنیا: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق فرانس نے نائیجر میں فوجی بغاوت اور حکومت کی تبدیلی اور عوامی مظاہروں کے بعد اپنے فوجی دستے نائیجر سے نکالنے کے لئے نائیجر کی فوج سے مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نائیجر کے باغی رہنماؤں نے فرانس سے اپنے 1500 فوجی نکالنے کے علاوہ فرانسیسی سفیر کو بھی ملک چھوڑنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق نائیجر سے فرانسیسی فوج کے سازوسامان کو نکالنے کےلئے بھی مذاکرات ہو رہے ہیں اور فرانسیسی فوج کے انخلاء کے مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فرانس کی سابقہ کالونی نائیجر میں حالات اس وقت خراب ہوگئے تھے جب فرانس نے فوجی بغاوت کے وقت اپنے اتحادی بازوم کی حکومت کی حمایت کی تھی جسے فوجی حکومت نے نائیجر کے داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیا تھا۔
تین اگست کو فوجی حکمرانوں نے فرانس کے ساتھ کئے گئے کئی باہمی فوجی تعاون کے منصوبے منسوخ کر دیئے تھے۔
فرانسیسی دستے زیادہ تر نائیجر کے دارالحکومت نیامے کی فوجی اڈے پر مستقر ہیں جہاں پر حالیہ دنوں میں ہزاروں لوگوں نے دھاوا بول کر انہیں ملک سے باہر نکل جانے کے نعرے لگائے تھے۔