Sep ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان منگل کی علی الصبح اپنی خصوصی نجی ٹرین سے روس میں داخل ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: روسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو لے جانے والی ایک بکتر بند ٹرین منگل کے دن روس پہنچ گئی ہے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ دنیا کے سارے بڑے رہنما طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کا استعمال کرتے ہیں لیکن شمالی کوریا کے رہنما ٹرین سے سفر پسند کرتے ہیں۔
آخر اس بکتر بند ٹرین میں ایسا کیا کچھ ہے؟رپورٹ کے مطابق کم جونگ ان جب بھی کہیں بھی جاتے ہیں تو وہ ٹرین کا استعمال کرتے ہیں۔ اپنے والد کی طرح وہ بھی ہوائی سفر کرنے سے ڈرتے ہیں۔ تاہم ان کے دادا کم اِل سنگ اور والد کم جونگ اِل جو کہ شمالی کوریا کے حکمران تھے، ٹرین میں سفر کرتے رہے ہیں۔یہ لگژری ٹرین بہت پہلے سوویت یونین کے حکمران اسٹالن نے کم کے خاندان کو تحفے میں دی تھی۔ اس کے بعد یہ ٹرین شمالی کوریا کے حکمرانوں کی شاہی ٹرین بن گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے مسافر طیاروں کے پرانے بیڑے کے مقابلے میں بلٹ پروف ٹرینیں ایک بڑے وفد کے لیے محفوظ اور زیادہ آرام دہ ہونے کے ساتھ ساتھ خوراک و دیگر سہولیات، اجلاسوں سے قبل ایجنڈوں پر بات کرنے اور سکیورٹی کے عملے کی تعیناتی کے لیے بہتر جگہ فراہم کرتی ہیں.
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے اس دوران 20 گھنٹے میں 1180 کلومیٹر کا سفر ہری اور پیلی ٹرین پر کیا۔
واضح رہے کہ اس ٹرین کے انتہائی طاقتور اور مؤثر بُلٹ پروف ہونے کی وجہ سے اس کی رفتار دیگر ٹرینوں کی مقابلے میں بہت ہلکی ہوتی ہے جو کہ ممکنہ طور پر 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس گہری ہری ٹرین میں 90 بوگیاں ہیں اور اس میں سوار افراد کی شناخت کو مبہم کرنے کے لیے اس کی کھڑکیوں پر بھی رنگ کیا گیا ہے اور یہ مکمل طور پر بُلٹ پروف ہونے کی وجہ سے عام ٹرینوں کی نسبت کئی ہزار پاؤنڈ بھاری ہے۔

ٹیگس