ٹرمپ نے امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے لئے سزائے موت مانگی
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف گواہی دینے پر امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے لیے موت کی سزا تجویز کردی۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ایک مقدمے میں سرکاری گواہ کے طور پر پیش ہوئے تھے۔
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کیپیٹل ہل پر حملے کے لیے اکسانے، سرکاری خفیہ دستاویزات اپنے ہمراہ لے جانے، انتخابی نتائج میں ہیرپھیر اور جنسی تعلقات کے سمیت 91 الزامات کا سامنا ہے۔
ان میں سے ایک مقدمے میں امریکا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی اپنے سابق صدر کے خلاف سرکاری گواہ کے طور پر پیش ہوئے تھے جس پر ڈونلڈ ٹرمپ غصے میں آگئے۔
امریکا کے سابق صدر نے مارک ملی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے مارک ملی کی ریٹائرمنٹ امریکیوں کے لیے جشن منانے کا وقت ہوگا۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ مارک ملی کی چین کے ساتھ تعلقات کی خبریں درست ہیں جس پر سزائے موت دی جانی چاہیئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مارک ملی کو نااہل ملٹری کمانڈرز قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ یہ وہی شخص تھا جس کی وجہ سے افغانستان میں کئی امریکی فوجیوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔
سابق امریکی صدر نے مارک ملی پر افغانستان سے انخلا کے وقت سیکڑوں امریکی شہریوں کو تن تنہا چھوڑنے اور اربوں ڈالر کا بہترین فوجی ساز و سامان افغانستان کے حوالے کرنے کا الزام بھی لگایا۔