Nov ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
  • یونان اور آیرلینڈ میں فلسطین کے نہتے عوام کے قتل عام کے خلاف اجتماع

یونان اور آیرلینڈ میں فلسطین کے حامیوں نےغزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم اور فلسطین کے نہتے عوام کے قتل عام کے خلاف اجتماع کیا۔

سحر نیوز/ دنیا: غزہ میں صیہونی حکومت کی جارحانہ کارروائیوں کے خلاف اس وقت عالمی سطح پر وسیع مظاہرے ہو رہے ہیں - یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کرکے غزہ میں صیہونی حکومت کے جاری مظالم کے خلاف نعرے لگائے- مظاہرین اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر، قاتل اسرائیل مردہ باد، امریکہ علاقے سے نکل جاو، فلسطین کو آزاد کیا جائے، امریکہ اور یورپ اسرائیل کے جنگی جرم میں شریک ہیں، جیسے نعرے تحریر تھے۔

مظاہرین نے اسی طرح ایتھنز میں صیہونی حکومت کا سفارتخانہ بند کئے جانے کا مطالبہ کیا - ایتھنز کے عوام نے گذشتہ روز بھی اس شہر کے اہم مرکزی میدان میں جمع ہوکر وہاں سے صیہونی حکومت کےسفارتخانے تک مارچ کیا-

مظاہرین کے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈز اور بینرز تھے جن پر لکھا تھا اسرائیل کو ہتھیار نہ دو ، اور شانون کو نسل کشی سے دور رکھو-

اسی دوران بیلفاسٹ (شمالی آئرلینڈ) میں بھی فلسطین کے حامیوں نے امریکی قونصل خانے کے سامنے مظاہرہ کیا اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے صیہونی حکومت کی مکمل حمایت میں وائٹ ہاؤس کی پالیسیوں کی مذمت کی۔

مظاہرین نے نعرے لگاتے ہوئے، صیہونی حکومت کے خلاف پابندیاں لگانے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی دباؤ بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ جنگ میں قدس کی غاصب حکومت کو امریکہ کی امداد دینے کے خلاف ہونے والے وسیع احتجاجات نے وائٹ ہاؤس کے دروازے پر خون آلود ہاتھوں کے ٹھپے ڈال دیئے ہيں - اس رپورٹ کے مطابق امریکی پولیس نے واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے داخلی دروازے کے قریب کی سڑک کو پیدل چلنے والوں کے لیے بند کر دیا ہے اور صرف صحافیوں اور وائٹ ہاؤس کے سرکاری مہمانوں کو گزرنے کی اجازت ہے۔

ٹیگس