Nov ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۵ Asia/Tehran
  • ایپیک اجلاس کے موقع پر فلسطین کے ہزاروں حامیوں کا مظاہرہ، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

سان فرانسسکو میں ایپیک اجلاس کے موقع پر اس شہر میں فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے سڑکوں پر نکل کر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: اطلاعات کے مطابق امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے سڑکوں پر نکل کر غزہ میں جاری غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کی ہے۔

مظاہرین نے "غزہ کو آزاد کرو" اور "ایپیک، نسل کشی روکو" جیسے نعرے لگائے اور غزہ کے بے گناہ عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی جنگ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔

ادھر، امریکہ کی ریاست ڈیلاویئر کے شہر ولمنگٹن میں بھی ہفتے کے روز فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے صدر جو بائیڈن کی رہائش گاہ کے سامنے مظاہرہ کیا تھا۔

ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون کانفرنس، ایپیک، کا سربراہی اجلاس رواں ہفتے ہونے والا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ گزشتہ ایک سال میں پہلی بار بدھ کو ملاقات کریں گے۔ بائیڈن حکومت کے اعلی حکام کے مطابق اس ملاقات میں فلسطین کے خلاف اسرائیل کی جنگ اور روس یوکرین جنگ سمیت عالمی موضوعات پر تبادلہ خیال ہونے کی توقع ہے۔

دریں اثنا، مغربی بلقان کے لوگوں نے فلسطین میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں نسل کشی کے خلاف مظاہرہ کیا۔

فلسطین کے حامیوں نے سربیہ، مونٹے نگرو اور بوسنیا و ہرزی گووینا کے دارالحکومتوں میں مظاہرے کئے۔ سربیہ کے دارالحکومت بلغراد کے جمہوری چوک پر مظاہرین نے فلسطین کا پرچم لہرایا اور ان کے ہاتھوں جو پلے کارڈ تھے ان پر فلسطین کو آزاد کرو، فلسطین میں نسل کشی بند کرو جیسے نعرے درج تھے۔ مونٹے نگرو کے دارالحکومت پوڈ گو ریکا میں بھی مظاہرین نے سرکاری عمارتوں کے سامنے جمع ہو کر " فلسطین کا ساتھ دینے کے لئے مسلمان ہونا ضروری نہیں، صرف انسان ہونا ضروری ہے" جیسے نعرے لگائے۔ بوسنیا و ہرزی گووینا کے دارالحکومت سارا یوو میں بھی غاصب صیہونی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور فلسطین کی حمایت کا اعلان کیا۔

مظاہرین نے ایسے پلے کارڈ ہاتھوں میں لے رکھے تھے جن پر لکھا تھا "کل سربر نیٹسا، آج غزہ ۔ مظاہرین نے فلسطین کو آزاد کرو اور نسل کشی بند کرو جیسے نعرے بھی لگائے۔

غزہ پٹی کے رہائشی علاقوں پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے شروع ہوتے ہی فلسطینیوں کی حمایت میں عالمی پیمانے پر ایک لہر پیدا ہوئی اور متعدد شہروں میں صیہونی حکومت کے خلاف زبردست مظاہرے ہوئے۔

ٹیگس