دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کی لہر میں اضافہ ہوا: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اسلامو فوبیا کی مخالفت کرتے ہوئے سیاسی قائدین سے سماجی بھائی چارہ بڑھانے کے لئے آگے آنے کی اپیل کی ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترس نے اسلامو فوبیا کے موضوع پر ایک پروگرام سے خطاب میں کہا کہ ہم دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کی لہر میں اضافے کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
انھوں نے اسلاموفوبیا بڑھنے کا ذمہ دار سوشل میڈیا کو قرار دیا اور کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کے لئے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ آن لائن پلیٹ فارم انتہا پسندانہ نظریات اور اسلامو فوبیا پھیلانے کا اہم ترین ذریعہ بن گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی قائدین کو نفرت اور تعصب پھیلانے کی اس مہم کے مقابلے میں آگے آنا چاہیے ۔ سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سیاستدانوں کو چاہیے کہ آگے آئيں، لوگوں کو راستہ دکھائيں اورسماج میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔
انتونیو گوترس نے کہا کہ ہم اسلامو فوبیا کے خلاف متحد ہیں، انسانوں کے درمیان، مساوات، باہمی احترام اور انسانی حقوق کو باقی رکھنے کے لئے ہمیں اپنے عزم کی تجدید کرنا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ آئيے ہم، ایک دوسرے کے لئے ہمدردی کے جذبے کو فروغ دیں، سماج کو تقسیم کرنے کے بجائے، تنوع سے سماجی ہم آہنگی بڑھانے کے لئے ایک قوت اور طاقت کے طور پر کام لیں۔