Mar ۲۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • غزہ میں سو سے زائد امدادی کارکنوں کی شہادت

غزہ میں فلسطینی اتھارٹی کے انفارمیشن آفس نے نسل کش صیہونی حکومت کے حملوں میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران امدادی سامان تقسیم کرنے والے سو سے زیادہ افراد کی شہادت کی خبر دی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ میں فلسطینی اتھارٹی کے انفارمیشن آفس نے کہا ہے کہ انسانی امداد تقسیم کرنے والے سو سے زيادہ افراد گذشتہ ایک ہفتے کے دوران جارح اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید ہوئے ہیں۔ درایں اثنا عالمی ادارۂ صحت نے غزہ میں نسل کش صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں اور غذائی اشیا کی ترسیل میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے نتیجے میں بچوں کی شرح اموات میں اضافے کی خبر دی ہے۔
دنیا میں بھک مری کی شرح پر نظر رکھنے والے اقوام متحدہ سے متعلق بین الاقوامی ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ نسل کش صیہونی حکومت کے حملوں کے سبب غزہ میں خوراک کی شدید کمی، قحط کی سطح کو عبور کر چکی ہے اور اگر غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی اور اشیائے خوردونوش کی ترسیل میں اضافہ نہ کیا گیا تو عنقریب ہی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خطرہ لاحق ہو جائے گا۔

ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق، غزہ میں تقریباً گیارہ لاکھ افراد جان لیوا بھوک سے نبرد آزما ہیں اور یہ بھوک مری کا سامنا کرنے والوں کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ٹیگس