May ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۱:۳۳ Asia/Tehran
  • کولمبیا نے صیہونی حکومت سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کر دیا

کولمبیا کے صدر گوستاوو پیٹرو نے کہا ہے کہ جمعرات کو صیہونی حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات پوری طرح سے ختم ہو جائيں گے۔

سحر نیوز/ دنیا: کولمبیا کے صدر نے یوم محنت کشاں کی مناسبت سے بدھ کو اپنی تقریر میں کہا کہ غزہ میں جرائم کی وجہ سے صیہونی حکومت کے ساتھ کل سے سفارتی تعلقات پوری طرح سے ختم کئے جا رہے ہیں۔

کولمبیا کے صدر نے بوگوٹا کے بولیور اسکوائر پر عوامی ریلی سے خطاب میں تالیوں کی گونج کے درمیان یہ اعلان کیا اور کہا: آج یہاں آپ سب کے سامنے تبدیلی کی حکومت کے صدر اعلان کرتے ہيں کہ کل سے اسرائیلی حکومت سے ہمارے تعلقات پوری طرح سے ختم ہو جائيں گے کیونکہ یہ حکومت اور اس کے وزير اعظم نیتن یاہو نے غزہ میں نسل کشی کا ارتکاب کیا ہے۔

واضح رہے کولمبیا کے صدر نے اس سے پہلے بھی کہا تھا کہ اگر مجبور ہوئے تو ہم اسرائیلی حکومت سے سفارتی تعلقات ختم بھی کر سکتے ہيں اور ہم یہ کر کے رہیں گے۔

واضح رہے 7 اکتوبر سے غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت میں اب تک 35 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہو چکے ہيں جن میں سے بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے ۔

45 دنوں تک جنگ جاری رہنے کے بعد 24 نومبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی ہوئی جس کے دوران قیدیوں کا تبادلہ ہوا۔

7 دنوں تک جاری رہنے کے بعد عبوری جنگ بندی ہو گئی اور پہلی دسمبر سے صیہونی حکومت نے غزہ پر پھر سے حملے شروع کر دیئے۔

صیہونی حکومت اپنی شکست کی تلافی کے لئے وحشیانہ حملے جاری رکھے ہے لیکن ابھی تک اس کا ایک مقصد بھی پورا نہيں ہو سکا ہے۔

 

ٹیگس