Jun ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۰:۱۱ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے خلاف جنوبی افریقہ کے مقدمے میں کیوبا بھی شامل ہوگا

کیوبا کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی نسل کشی کے خاتمے کے لئے جاری عالمی کوششوں کے تناظر میں، عالمی عدالت انصاف میں صیہونی حکومت کے خلاف جنوبی افریقہ کے مقدمے میں کیوبا نے بھی شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: کیوبا کی وزارت خارجہ نے ہفتے کی صبح ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ کیوبا کی حکومت نے فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی کے لئے جاری قانونی کوششوں میں تعاون اور اس کی حمایت کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ عالمی عدالت انصاف میں اسرائيل کے خلاف جنوبی افریقہ کے مقدمے کا حصہ بنے۔
کیوبا کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اسرائيل ایک غاصب حکومت کے طور پر امریکہ کی حمایت اور اس کی شراکت کے ساتھ، جینیوا کے چوتھے کنوینشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو نظر انداز کر رہا ہے۔ کیوبا کے سرکاری بیان میں کہا گيا ہے کہ آج کی دنیا میں نسل کشی، نسلی امتیاز، جبری جلا وطنی اور اجتماعی سزا دینے کی کوئی گنجائش نہيں ہے اور عالمی برادری یہ برداشت نہيں کرے گی۔
واضح رہے جنوبی افریقہ نے نسل کشی کے لئے صیہونی حکومت کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کر رکھا ہے جس کے ابتدائی فیصلے میں صیہونی حکومت کو پابند کیا گيا ہے کہ وہ غزہ میں نسل کشی روکنے کے لئے اقدام کرے۔

ٹیگس