آج سے یکم جولائی تک پاکستان میں بارشوں کی پیشنگوئی
پاکستان بھر میں کئی ہفتوں کی شدید گرمی کے بعد آج سے یکم جولائی تک بارشوں کی پیشنگوئی کردی گئی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہواؤں کے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں، اسلام آباد، بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں سے پاکستان کو سخت گرمی کا سامنا ہے۔
منگل کو پاکستان میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت اور جیکب آباد میں انچاس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دادو میں اڑتالیس، سبی، لسبیلہ، خیرپور میں سینتالیس، روہڑی، موہنجو دڑو، لاڑکانہ، بہاولپور میں چھیالیس، لاہور، ملتان، فیصل آباد میں تینتالیس، اسلام آباد، مظفر آباد میں بیالیس، کراچی، پشاور میں اکتالیس، کوئٹہ میں سینتیس اور گلگت میں چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔