اسرائیل کی تازہ وحشیانہ جارحیت کی مغربی رہنماؤں نے بھی کی مذمت
غاصب صیہونی حکومت کی تازہ وحشیانہ جارحیت پر مغربی رہنماؤں کی جانب سے بھی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے کہا ہے کہ شہر غزہ میں التابعین اسکول میں فلسطینی نمازیوں پر صیہونی حکومت کے حملے نے انھیں وحشت زدہ کردیا ہے اور اس طرح کے قتل کا کوئی جواز نہیں ہے۔
جوزف بورل نے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ غزہ میں ایک اسکول پر اسرائیلی حملے کے ویڈیو دیکھ کر کہ جس میں رپورٹوں کے مطابق دسیوں فلسطینی بھینٹ چڑھے ہيں ، وحشت زدہ ہوں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک چالیس ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہيں لیکن اسرائيلی وزیر خزانہ اسموتریچ نے جنگ بندی کی مخالفت کی ہے جو اسرائیلی عوام کے مفادات کے خلاف ہے۔
انھوں نے کہا کہ قیدیوں کی رہائی اور عام شہریوں کا قتل عام بند ہونے کا واحد راستہ جنگ بندی ہے۔
بیلجیئم کے وزیرخارجہ حجہ لحبیب نے بھی غزہ کے التابعین اسکول پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کی سختی سے مذمت کی اور فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے ۔
حجہ لحبیب نے ایکس پیج پر لکھا ہے کہ بیلجیئم ، غزہ میں ایک اسکول پر حملے کی سخت مذمت کرتا ہے جس میں کم سے کم سو سے زیادہ پناہ گزيں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہيں ۔ انھوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ یہ جنگ فورا بند ہونا چاہیے کہا کہ عام شہریوں کے بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کے خلاف اور ناقابل قبول ہے۔
بلیجیئم کے وزیرخارجہ نے کہا کہ انھوں نے مصر کے وزیرخارجہ بدری عبدالالعاطی سے مشرق وسطی ميں کشیدگی بڑھنے کی روک تھام اور غزہ تنازعہ کے ایک پائدار سیاسی راہ حل کے حصول کے لئے ثالثی کی کوششوں کے بارے میں گفتگو کی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے بھی غزہ کے التابعین اسکول پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کے بارے میں کہا کہ عام شہریوں کے بنیادی ڈھانچوں پر حملہ ناقابل جواز ہے۔
زاخارووا نے کہا کہ ہم اسرائیلی فریق سے مطالبہ کرتے ہيں کہ بنیادی ڈھانچوں پر اس طرح کے حملے سے اجتناب کرے ۔ انھوں نے کہا کہ التابعین اسکول پر حملے جیسی ٹریجڈی اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی کم کرنے، فورا جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کی کوششوں کو کمزور کرتی ہے ۔
برطانیہ کے وزيرخارجہ ڈیوڈ لیمی نے بھی غزہ کے التابعین اسکول پر صیہونی حکومت کے جرائم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حملے سے وحشت زدہ ہيں اور اسرائیل کو بین الاقوامی انساندوستانہ قوانین کی پابندی کرنا چاہیے۔ ڈیوڈ لیمی نے ایکس پر لکھا کہ التالبعین اسکول پر اسرائیل کے فوجی حملے اور دلخراش موت سے وحشت زدہ ہوئے ہيں ۔
انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے اسرائيل کو عالمی قوانین کی پیروی کرنا چاہیے کہا کہ ہمیں عام شہریوں کی حفاظت کے لئے فوری جنگ بندی ، تمام قیدیوں کی رہائی اور امداد پہنچانے میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔