نیتن یاہو سے استعفی کا مطالبہ، صیہونی پارلیمنٹ کے اپوزیشن لیڈر یائير لاپید
غاصب صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ کینسٹ میں اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے منگل کو ایک بار پھر نیتن یاہو سے استعفی کا پر زور مطالبہ کیا۔
سحرنیوز/دنیا: صیہونی پارلیمنٹ کے اپوزیشن لیڈر یائير لاپید نے منگل کو اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ نیتن یاہو کابینہ جو واحد تقریب منعقد کر سکتی ہے وہ استعفے اور اس کے بعد سات اکتوبر کے واقعات کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی کی تشکیل کی ہے۔ یائير لاپید نے پیر کو بھی غزہ میں جنگ بندی کے بارے ميں مذاکرات اور صیہونی حکومت اور تحریک حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں امریکی وزیرخارجہ آنٹونیو بلینکن کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب امریکی وزیرخارجہ کہہ رہا ہے کہ یہ سمجھوتے کے حصول کے لئے آخری موقع ہے تو یہ نیتن یاہو کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع کو ہاتھ سے نہ جانے دو، تم نے قیدیوں کو دھوکا دیا ہے اور انہیں واپس لانا تمھاری ذمہ داری ہے۔
اسی سلسلے میں صیہونی اخبار یدیعوت احارنوت نے لکھا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے لئے مذاکرات کے پیش نظر اسرائیل کے سیاسی نظام میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔