نئے ایرانی ہم منصب کو روسی وزیر خارجہ کی مبارکباد
روس کے وزیر خارجہ سرگئ لاؤروف نے اسلامی جمہوریہ ایران کا نیا وزیر خارجہ منتخب ہونے پر سید عباس عراقچی کو مبارکباد پیش کی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے بدھ کی رات سید عباس عراقچی کے نام مبارکباد کا پیغام ارسال کرکے لکھا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ روس اور ایران، دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے فیصلہ کن کردار نے باہمی روابط کو اتنا محکم بنادیا ہے یہ دونوں ملک ایک دوسرے کے حقیقی اسٹریٹیجک حلیف بن گئے ہیں۔ روسی وزیر خارجہ نے اپنے مبارکباد کے پیغام میں لکھا ہے کہ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے صدر کے بیانات سے یہ تاثر لیا ہے کہ وہ بھی روس کے ساتھ موجودہ روابط اور باہمی تعاون میں فروغ کے عمل کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔
روسی وزیر خارجہ نے اپنے نئے ایرانی ہم منصب کے نام مبارکباد کے پیغام میں لکھا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ آپ بھی سبھی میدانوں میں تہران ماسکو روابط اور باہمی تعاون کے فروغ اور استحکام کے حامی ہیں۔ روسی وزیر خارجہ نے اپنے مبارکباد کے پیغام میں لکھا ہے کہ خارجہ پالیسی میں ایران اور روس کے درمیان جاری ہم آہنگی اور تعاون دونوں ملکوں کے عوام کے فائدے میں ہے اور اس سے بین الاقوامی امن و سلامتی کی تقویت میں مدد ملی ہے۔
انہوں نے اپنے نئے ایرانی ہم منصب سید عباس عراقچی کے نام مبارکباد کے پیغام میں لکھا ہے کہ وہ اس ںئی ذمہ داری میں ان کی کامیابی کی آرزو کرتے ہیں۔