Nov ۰۸, ۲۰۲۴ ۰۸:۴۹ Asia/Tehran
  • دنیا کے مختلف ممالک میں غزہ کے عوام کی حمایت میں مظاہرے

دنیا کے مختلف شہروں کے لوگوں نے فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے کیے اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

سحرنیوز/دنیا: صیہونی حکومت نے مغربی ممالک کی بھرپور حمایت کے ساتھ سات اکتوبر دو ہزار تیئيس سے غزہ پٹی اور دریائے اردن کے مغربی کنارے میں نہتے اور مظلوم فلسطینی عوام کا بڑے پیمانے پر قتل عام شروع کر رکھا ہے۔ غاصب صیہونی حکومت کے جرائم پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی اس ناجائز حکومت کے ہاتھوں فلسطینی خواتین اور بچوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری رہنے کا سبب بنی ہوئي ہے۔
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق یمن کی تحریک انصار اللہ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں ہونے والے مظاہرے کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں یمنی، فلسطینی اور لبنانی شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے فلسطینی اور لبنانی قوموں کےخلاف اسرائیل کے جرائم کی مذمت کی۔ اردن کے نوجوانوں کے ایک گروپ نے بھی غزہ اور لبنان کے عوام کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مقبوضہ فلسطین اور اردن کی سرحد نیز صیہونی حکومت کے ساتھ تجارتی راستے بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نےغزہ پٹی کے لئے امدادی سامان کے حامل پانچ سو ٹرکوں کو غزہ پٹی میں داخلے کے سلسلے میں صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ بھی کیا۔
امریکہ میں صدارتی انتخابات کے موقع پر فلسطینی اور لبنانی عوام کے حامیوں نے بھی نیویارک میں مظاہرہ کیا۔ انہوں نے غزہ میں صیہونی حکومت کی نسل کشی بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ بحرین کے باشندوں نے بھی غزہ اور لبنان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور صیہونی کی جانب سے جنگ جاری رکھےجانے کی مذمت میں جلوس نکالا۔ مغربی کنارے میں برزیت یونیورسٹی کے طلباء نے استقامت کی حمایت اور غزہ اور لبنان کے خلاف جنگ کی مذمت میں ایک ریلی نکالی۔

ٹیگس