غزہ جنگ میں 800 صیہونی فوجیوں کی ہلاکت، عبرانی میڈیا کی رپورٹ
صیہونی ذرائع نے شمالی غزہ میں اپنے ایک فوجی کی ہلاکت کا اعلان کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ جنگ غزہ کے آغاز سے اب تک آٹھ سو صیہونی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: صیہونی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ اس کا ایک فوجی شمالی غزہ میں ہلاک ہوگيا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق اس فوجی کا تعلق کفیر بریگيڈ سے تھا۔ صیہونی فوج نے یہ بھی کہاہے کہ شمالی غزہ میں ایک کرنل زخمی ہوا ہے جوکہ بٹالین نوے کا کمانڈر ہے۔ صیہونی فوج کے ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر دو ہزار تیئیس سے شروع ہونے والی جنگ غزہ میں اب تک آٹھ سو صیہونی فوجی افسر اور فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر غزہ پٹی میں ہلاک ہوئے ہیں۔ القسام بریگيڈ نے پیر کے دن کہا تھا کہ اس کے مجاہدین نے بیت لاہیا شہر کے مرکزی علاقے الجوانی میں پانچ صیہونی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
اس سے پہلے القسام بریگیڈ نے ایک اعلامئے میں شمالی غزہ پٹی میں بارہ صیہونی فوجیوں اور ایک مرکاوہ ٹینک کو اپنے حملے کا نشانہ بنانے کی خبر دی تھی۔ القسام بریگیڈ نے اپنے اعلامئے میں مزید کہا کہ شمالی غزہ پٹی میں واقع بیت لاہیا شہر کے مرکزی علاقے الجمعیۃ الاسلامیہ میں قسام کے مجاہدین نے بارہ صیہونی فوجیوں کے ایک دستے پر بم سے حملہ کیا۔
طوفان الاقصی آپریشن کو تیرہ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اسی وقت سے متعدد اسرائيلی، حماس کی قید میں ہیں لیکن صیہونی حکومت اس علاقے پر وحشیانہ حملوں اور جارحیت کے باوجود نہ صرف ان قیدیوں کو آزاد نہیں کروا سکی ہے بلکہ ان میں سے بہت سے قیدی غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کی بمباری اور توپخانے کے حملوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔
اسرائيلی قیدیوں کے اہل خانہ ان کی آزادی کے لئے حماس کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کے خواہاں ہیں لیکن نیتن یاہو ہر طرح کے سمجھوتے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔ وہ قطر اور مصر میں اس بارے میں ہونے والے مذاکرات کے متعدد ادوار کو ناکام بنا چکا ہے کیونکہ اسے یقین ہے کہ جنگ کے بعد اس پر بدعنوانی کا مقدمہ چلایا جائے گا۔