Dec ۱۵, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۵ Asia/Tehran
  • شام کی فوجی تنصیبات پر صیہونی حکومت کی بمباری کا سلسلہ جاری

غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مغربی اور جنوبی شام کے مختلف علاقوں نیز دمشق کے مضافات میں ایک اہم فوجی اڈے پرشدید بمباری کی ہے

سحرنیوز/دنیا: غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مغربی شام کے علاقے مصیاف میں ایک فوجی اڈے پر بمباری کی ہے۔ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے اسی طرح دمشق کے مضافاتی علاقوں پر بھی بمباری کی ہے۔ العالم نے شامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ صیہونی فوج نے دمشق میں شامی فوج کے چوتھے ڈیویژن کے ہیڈکوارٹر کو فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں کا نشانہ بنایا ہےاس رپورٹ کے مطابق جنوبی شام کے علاقے سویدا کے مضافات میں واقع خلخانہ ہوائی اڈے اور کوہ قاسیون کی بلندیوں پر بھی حملے کئے ہیں۔
صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے اسی طرح جمعے کی رات مغربی شام کے شہر لاذقیہ کے نواحی علاقوں میں شامی فوج کے گولے باردو اور اسلحے کے گوداموں پر بمباری کی تھی۔اس رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے لاذقیہ کے ساتھ ہی جنوب مغربی شام کے علاقے طرطوس پر بھی بمباری کی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ صیہونی میڈیا ذرائع نے اس سے پہلے رپورٹ دی تھی کہ اسرائیلی فوج نے شام کے دفاعی نظام کو پوری طرح تہس نہس کردیا ہے۔اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ صیہونی فوج نے ایک ہزار آٹھ سو بم گراکر شام کے پانچ سو فوجی مراکز تباہ کردیئے ہیں۔
شام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے فضائی حملوں اور اس کے بعض علاقوں پر اسرائيلی قبضے کا سلسلہ ایسی حالت میں جاری ہے کہ عرب لیگ نے شام کے اندر صیہونی فوج کے آگے بڑھنے کو انیس سو چوہتر کے شام تل ابیب معاہدے کی صریحی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ٹیگس