امریکہ کی جانب سے ایک بار پھر صیہونی حکومت کی حمایت پر تاکید
پینٹاگون کے ترجمان جان الیوٹ نے ایک بیان جاری کرکے پیٹ ہیگسٹ اور یسرائیل کاٹس کے درمیان ٹیلی فونی گفتگو کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ امریکی وزير جنگ نے اس گفتگو میں امریکہ و اسرائيل کے درمیان اٹوٹ رشتے پر زور دیا ہے
سحرنیوز/دنیا: امریکی وزارت جنگ کی ویب سائٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا ہےکہ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسٹ نے اسرائيلی وزیر جنگ یسرائیل کاٹس سے ٹیلی فونی گفتگو کی ہے۔ اس ٹیلی فونی گفتگو میں دو طرفہ مفادات، علاقائی مواقع اور ترجیحی بنیادوں پر تل ابیب کی سیکیورٹی امداد پر تبادلہ خیال کیا گيا۔ بیان کے مطابق اس ٹیلی فونی گفتگو میں امریکی وزير جنگ نے امریکہ اور اسرائيل کے درمیان اٹوٹ رشتے پر زور دیتے ہوئے کہا ہےکہ امریکہ ، صیہونی حکومت کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کا سو فیصد پابند ہے۔ بیان کے مطابق امریکہ کے وزیر جنگ اور صیہونی وزير جنگ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں دعوی کیا کہ ایران علاقے کے لئے بدستور خطرہ ہے اور اس چلینج کے مقابلے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے امریکی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کے لئے امداد کی ترسیل میں صیہونی حکومت کی جانب سے رکاوٹ کی حمایت کرتی ہے اور امریکی حکومت نے اس کے لئے یہ بہانہ بنایا ہے کہ حماس نے جنگ بندی کے نئے معاہدے کو مسترد کر دیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق امریکی قومی سلامتی کونسل کے بیان کے مطابق وائٹ ہاوس نے غزہ کے لئے امداد کی ترسیل روکے جانے کے صیہونی حکومت کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔امریکی سلامتی کونسل کے ترجمان براین ہیوز نے صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کو نظر انداز کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ اسرائيل نے ، امریکہ کی نئی حکومت کے آغاز سے ہی قیدیوں کی رہائی کے لئے نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کئے ہيں۔انہوں نے دعوی کیا کہ اس بات کے پیش نظر کہ حماس نے یہ ظاہر کیا ہےکہ اب اسے مذاکرات کے ذریعے جنگ بندی میں کوئي دلچسپی نہيں ہے ، ہم اگلے قدم کے لئے اسرائيل کے فیصلوں کی حمایت کریں گے۔