Jun ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۰ Asia/Tehran
  • جنگ بندی کی ایک اور قرارداد امریکہ نے ویٹو کیا ، عالمی سطح پر مذمت

سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کے لئے پیش ہونے والی قرارداد کو امریکہ نے ویٹو کردیا جس کی مختلف ملکوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

سحرنیوز/دنیا:اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کے مطالبے پر مبنی قرارداد کو امریکہ نے ویٹو کردیا حالانکہ باقی سبھی چودہ رکن ممالک نے اس کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

سلامتی کونسل کے بعض اراکین نے یہ قرارداد اسرائیلی جارحیت میں شدت اور غزہ میں بڑھتے انسانی بحران کے پیش نظر پیش کی تھی تاکہ جنگ بندی کے لیے عالمی دباؤ ڈالا جاسکے، مگر امریکہ نے اسرائیل نوازی کا ثبوت دیتے ہوئے ویٹو کا استعمال کرکے اسے روک دیا۔

اقوام متحدہ میں امریکی نمائندے نے قرارداد کی مخالفت کی اور کہا کہ اس قرارداد میں غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے جو حماس کو اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کا موقع فراہم کرے گی۔ اقوام متحدہ میں برطانوی نمائندے نے قرارداد ویٹو ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی صورتحال ناقابل برداشت ہے۔

چین کے نمائندے نے امریکہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا سلامتی کونسل کی ناکامی کی وجہ امریکہ کی رکاوٹیں ہیں۔ ہمیں امریکی موقف سے گہری مایوسی ہوئی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے نے امریکی حکومت کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد کو ویٹو کرنے پر افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قرارداد کی منظوری کو روکنا انسانی اصولوں کے منافی ہے، فلسطینیوں کے خلاف جاری جرائم میں مشارکت اور دنیا کے لئے خطرناک پیغام کا حامل ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے غزہ جنگ بندی کی قرارداد کو امریکا کے ذریعے ویٹو کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا یہ اقدام درحقیقت غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام اور نسل کشی جاری رکھنے کے لئے اسرائیل کو ہری جھنڈی دکھانا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سکریٹری جنرل آگنس کالامار نے کہا کہ امریکا کا یہ اقدام انتہائی شرمناک ہے اور امریکا نے جنگ بندی کے لئے ایک اور موقع ضائع کرادیافلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کرنے کے امریکی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کا یہ ویٹو ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ امریکا غاصب صیہونی حکومت کی حمایت میں اندھا ہوگیا ہے۔ 

 

ٹیگس