Jul ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۵:۱۰ Asia/Tehran
  • روس نے افغانستان کی طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا

روس نے ماسکو میں نئے افغان سفیر کی اسناد قبول کر لیں اور اس طرح وہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔

سحرنیوز/دنیا: ارنا نے رائٹرز کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی ہے کہ روسی وزارت خارجہ نے جمعرات کی شب ایک بیان میں کہا: ہمیں یقین ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے سے مختلف شعبوں میں ہمارے ممالک کے درمیان دو طرفہ اور تعمیری تعاون کی ترقی میں تیزی آئے گی۔ روسی پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے رواں برس مارچ کے مہینے میں ملک کی سپریم کورٹ سے درخواست کی تھی کہ افغانستان میں حکومت کرنے والے طالبان گروپ کو کالعدم دہشت گرد گروہوں کی فہرست سے نکال دیا جائے جس کے بعد سولہ اپریل کو روس کی سپریم کورٹ نے افغانستان میں برسراقتدار طالبان گروہ کی سرگرمیوں پر پابندی کو معطل کر دیا اور اس کا نام ماسکو کی دہشت گرد گروہوں کی فہرست سے نکال دیا گیا۔روس میں افغان سفارت خانے کے حکام نے گزشتہ بدھ کے روز اپنے سفارتی مشن کے تحت نئے سفیر کی تعیناتی کا اعلان کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق روس میں امارت اسلامیہ افغانستان کے نئے سفیر مولوی گل حسن نے ماسکو میں سفارت خانے کے عملے کے ساتھ ایک تعارفی جلسہ کرکے اپنی سرگرمیوں کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

ٹیگس