امریکی سینیٹ نے شٹ ڈاؤن کے خاتمے کی راہ ہموار کر دی
امریکی سینیٹ نے وفاقی حکومت کا شٹ ڈاؤن ختم کرنے کے لیے قانون سازی کی ابتدائی منظوری دے دی جس کے بعد امریکا میں چالیس روزہ شٹ ڈاؤن کے خاتمے کی راہ ہموار ہو گئی ہے
سحرنیوز/دنیا: امریکی یوان نمائندگان سے منظور شدہ بل کو سینیٹ میں ساٹھ ووٹ ملے جس کے تحت حکومت کو تیس جنوری دوہزار چھبیس تک فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
معاہدے کے مطابق وفاقی حکومت تیس جنوری تک فنڈز فراہم کرے گی اور اس طرح سے چالیس روزہ حکومتی شٹ ڈاؤن ختم ہو جائے گا۔
بل میں تین مکمل سالانہ اخراجاتی تجاویز بھی شامل ہیں تاہم اسے نافذ ہونے کے لیے ایوانِ نمائندگان کی حتمی منظوری اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط درکار ہوں گے۔
دریں اثنا، امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اے بی سی نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ "ہم نے پہلے دن سے ہی حکومتی شٹ ڈاؤن کا اثر دیکھا ہے، لیکن یہ بد سے بدتر ہوتا جا رہا ہے۔
شٹ ڈاؤن کے باعث لاکھوں سرکاری ملازمین بنا تنخواہ کام کر رہے ہیں جبکہ خوراک کی امداد معطل اور ہوائی سفر بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔