اسپین میں ٹرین حادثہ: کم از کم 46 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
بدھ کے روز وسطی اسپین میں ایک تیز رفتار ٹرین، کھڑی ہوئی دوسری ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 46 افراد کی موت ہوگئی۔
سحرنیو/دنیا: میڈرڈ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اس سے قبل کاسٹیلا لا مانچا خطے کی ترجمان ایستھر پیڈیلا نے 10 افراد کے ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ انہوں نے ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
بعد ازاں اسپین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ای ایف ای اور دیگر ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی کہ ہلاک شدگان کی تعداد کم از کم 46 تک پہنچ گئی ہے۔
اس حادثے میں درجنوں دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہنگامی خدمات، فائر فائٹرز اور پولیس کی مدد کے لیے جائے حادثہ پر ایک فوجی ایمرجنسی بریگیڈ کو تعینات کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دو تیز رفتار ٹرینیں ایک ہی سمت میں میڈرڈ سے سیویل کی جانب جا رہی تھیں۔ ایک ٹرین کھڑی ہوئی تھی جس سے دوسری ٹرین پچھلے حصے سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے اس کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
دریں اثنا اطلاعات کے مطابق اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے اس واقعے کی وجہ سے اپنی دیگر طے شدہ مصروفیات منسوخ کر دیں۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ وہ "ٹولیڈو میں ٹرین کے سنگین حادثے سے بہت غمزدہ ہیں۔"
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel