حکومت کو شٹ ڈاؤن کا خطرہ، اوباما کا ری پبلیکن کو انتباہ
Sep ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۰:۳۹ Asia/Tehran
امریکی صدرنے بجٹ کو منظور نہ کئے جانے کی بابت، ریپبلکنز کو خبردار کیا ہے-
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما نے بدھ کو واشنگٹن میں ایک اجلاس میں کہا کہ اگر کانگریس نے آئندہ دو ہفتے میں دوہزار سولہ کے مالی بجٹ کی منظوری نہ دی تو گذشتہ دو برسوں میں، دوسری مرتبہ شٹ ڈاؤن ہوسکتا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ ڈیموکریٹس، ریپلکنز کے ساتھ بجٹ کے مسئلے پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
امریکی صدر کے بقول ریپبلکنز کیوں کہ "اوباما کیئر" منصوبے کو پسند نہیں کرتے اس لئے انہوں نے پہلے بھی شٹ ڈاؤن کیا تھا جبکہ آج بھی وہ حکومت کی مخالفت کے سبب شٹ ڈاؤن کرنا چاہتے ہیں- امریکی سینٹ میں اقلیتی جماعت کے سربراہ ہیری ریڈ نے بھی کہا ہے کہ امریکی حکومت کو مالی مشکلات کے سبب ایک بار پھر آئندہ کچھ دنوں میں شٹ ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریپبلکنز نے ملک کے اہم اور بنیادی مسائل بیان پر توجہ دینے کے بجائے اپنی ساری کوشش ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کو ناکام بنانے پر مرکوز کر رکھی ہے۔ سینیٹر ہیری ریڈ نے ری پبلیکنز کی اس سوچ کو احمقانہ ، شرمناک اور امریکی عوام کی توہین قرار دیا کہ حکومت امریکہ کے پاس شٹ ڈاؤن کی روک تھام کے لئے کوئی پروگرام نہیں ہے۔