یو ایس بی پورٹس کے مختلف رنگ اس کے بارے میں کیا بتاتے ہیں؟
ہر یونیورسل بس سیریل (یو ایس بی) میں ایک مشترکہ انٹرفیس ہوتا ہے جسے متعدد کاموں جیسے ڈیٹا ٹرانسفر یا پاور ڈیلیوری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
کی دہائی میں ماہرین نے یو ایس بی کو ایجاد کیا۔
اس کا اولین ڈیزائن 1995 میں وی 1.0 کے نام سے متعارف کرایا گیا جو 12 ایم بی فی سیکنڈ کی رفتار سے ڈیٹا ٹرانسفر کرسکتا تھا۔
حالیہ برسوں میں زیادہ ورسٹائل یو ایس بی سی کنٹکٹر زیادہ عام ہوگیا ہے مگر پرانے کنکٹرز اور پورٹس جن میں ٹائپ اے ڈیزائن استعمال کیا جاتا تھا، اب بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔
ٹائپ اے کنکٹرز اور پورٹس میں ایک ایسی میٹل کیسنگ ہوتی ہے جو یو ایس بی سی سے ملتی جلتی ہوتی ہے مگر ان میں ایک پلاسٹک بھی موجود ہوتا ہے۔
یہ پلاسٹک محض سجاوٹی ڈیزائن نہیں بلکہ یہ 3 ضروری چیزوں کو یقینی بناتا ہے، یعنی میٹل کنکٹر کو سپورٹ کرتا ہے، درست کنکٹرز کو شناخت کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور ایک رنگ سے لیس ہوتا ہے جو اس کی مخصوص صلاحیتوں کا عندیہ دیتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ یو ایس بی کیبلز میں آپ متعدد رنگ جیسے سفید، سیاہ، نیلا، سرخ اور پیلا دیکھتے ہیں۔

تو یو ایس بی کنکٹرز کے یہ رنگ کیا بتاتے ہیں؟
یو ایس بی پورٹ میں سفید رنگ کے پلاسٹک کی موجودگی سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ یو ایس بی 1.0 یا یو ایس بی 1.1 ہے۔
یہ یو ایس بی کے اولین ورژنز ہیں جو بہت زیادہ اچھے نہیں تھے۔
یو ایس بی 1.0 یا 1.1 ورژنز کم از کم 1.5 ایم بی پی ایس یا زیادہ سے زیادہ 12 ایم بی پی ایس اسپیڈ سے ڈیٹا ٹرانسفر سپورٹ کرتے ہیں۔
اگر یو ایس بی پورٹ میں سیاہ رنگ نظر آئے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ یو ایس بی 2.0 اسپیڈ فراہم کرتی ہے جو زیادہ سے زیادہ 480 ایم بی پی ایس ہوسکتی ہے جبکہ چارجنگ بھی بہتر ہوتی ہے۔
اسی طرح نیلا رنگ یو ایس بی 3.0 کی نشاندہی کرتا ہے جو کہ فی سیکنڈ 5 جی بی ڈیٹا اسپیڈ فراہم کرنے والا ورژن ہے۔
پیلے رنگ کا استعمال یو ایس بی 2.0 اور 3.0 دونوں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے مگر بنیادی طور پر یہ رنگ آل ویز آن فنکشنز سپورٹ کو ظاہر کرتا ہے۔
اگر کوئی فون پیلی یو ایس بی پورٹ سے کنکٹ ہو تو وہ اس وقت بھی چارج ہوتا رہتا ہے جب کمپیوٹر خوابیدہ ہو۔
نارنجی رنگ یو ایس بی 3.0 سپورٹ فراہم کرنے کا عندیہ دیتا ہے۔
یو ایس بی 3.0 اسٹینڈرڈ بھی ابھی بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے مگر نارنجی رنگ کا استعمال بہت کم کمپنیوں کی جانب سے کیا جاتا ہے۔
اگر یو ایس بی کا پلاسٹک سرخ رنگ کا ہو تو وہ یو ایس بی 3.1 یا یو ایس بی 3.2 کی جانب اشارہ کرتا ہے۔
یہ یو ایس بی اسٹینڈرڈ 10 سے 20 جی بی پی ایس اسپیڈ سپورٹ فراہم کرتا ہے۔
البتہ یو ایس بی 4.0 کے ساتھ کوئی مخصوص رنگ جڑا ہوا نہیں کیونکہ یہ صرف یو ایس بی سی کنکٹر استعمال کرتا ہے جس کا اپنا کوئی مخصوص رنگ نہیں۔