Jun ۰۲, ۲۰۱۷ ۱۹:۳۸ Asia/Tehran
  • روس ایران سے ایک لاکھ بیرل یومیہ تیل خریدے گا

ایران اور روس نے تیل کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔

ایران اور روس کے درمیان تیل کی خریداری کے اس معاہدے پر دستخط روس کے شہر سن پیٹرز برگ میں جاری عالمی اقتصادی کانفرنس کے موقع پر کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت ایران روس کو یومیہ ایک لاکھ بیرل خام تیل فراہم کرے گا۔
ایران کی وزارت پیٹرولیم کے اعلی عہدیدار مسعود زمانی نیا اوروزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی محمود واعظی کی قیادت میں جانے والے وفد کے ساتھ سن پیٹرز برگ اقتصادی کانفرنس میں شریک ہیں۔
اس سے قبل ایران کے وزیر پیٹرولیم پیژن نامدار زنگنے نے کہا تھا کہ معاہدے کے مطابق ایران  روس کی جانب سے اعلان کردہ مقامات پر یومیہ ایک لاکھ بیرل خام تیل برآمد کرے گا۔
روس کی لوک آئیل کمپنی اور ایران قومی تیل کمپنی نے تیل و گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق ایک مفاہمی یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں۔
اکیسویں تین روزہ عالمی اقتصادی کانفرنس جمعرات کی شام، روس کے شہر سن پیٹرز برگ میں شروع ہوئی ہے جس میں دنیا کے ایک سو تیس ملکوں کے اعلی عہدیدار اور نمائندہ وفود شریک ہیں۔

ٹیگس